ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / کاروار:ضلع وقف دفتر سرسی منتقل:خستہ حال دفتر کا کوئی پرسان ِحال نہیں

کاروار:ضلع وقف دفتر سرسی منتقل:خستہ حال دفتر کا کوئی پرسان ِحال نہیں

Wed, 03 May 2017 18:34:48    S.O. News Service

کاروار:3/مئی (ایس اؤنیوز)اترکنڑا ضلع وقف بورڈ کا مرکزی دفتر کاروار سے سرسی منتقل کئے جانے کے سلسلے میں کرناٹکا وقف بورڈ کی طرف سے جاری حکم نامے کے خلاف ساحلی اضلاع کے مسلمانوں نے سخت اعتراض جتاتے ہوئے برہمی کااظہار کیا ہے۔

کاروار ضلع ڈپٹی کمشنر کی پرانی عمارت کے ایک چھوٹے سے کمرے میں ضلع وقف دفتر فی الحال کام کررہاہے، دفتر کی خستہ حالت کو دیکھتے ہوئے افسران نے کہا تھا کہ دفتراتنا چھوٹا ہے کہ وقف کمیٹی کے ممبران کی بات نہیں بلکہ خود دفتری عملہ کو کام کرنے کے لئے مناسب جگہ نہیں ہونے کی وجہ سے عوام کو کافی تکلیف ہورہی ہے،عین اسی دوران ڈی سی نے بھی حکم جاری کیا تھا کہ چونکہ ڈی سی کی پرانی عمارت کو منہدم کیا جارہا ہے اسی لئے جتنا جلد ہوسکتے دفتر خالی کریں۔اس سلسلے میں ضلع کے مختلف ادارے ، ضلع وقف صلاح کمیٹی کے صدر نے ضلع نگراں کار وزیردیش پانڈے اور وزیر برائے وقف تنویر سیٹھ سے درخواست کی تھی کہ ضلع وقف دفتر کاروار سے سرسی منتقل کیا جائے ۔ان تمام وجوہات کی بنا ضلعی انتظامیہ نے دفتر کو کاروار سے سرسی منتقل کرنے کے لئے حکومت کو خط لکھا تھا تو حکومت نے اس کو منظوری دی ہے۔ اب وقف دفتر کاروار سے سرسی منتقل کئے جانے کی منظوری ملنےکے بعد ضلع کے مسلمان اس کی مخالفت کررہے ہیں۔

ڈی سی کو میمورنڈم :ضلع وقف دفتر کی سرسی منتقلی کی مخالفت کرتے ہوئے کاروار کے تمام اوقاف اداروں کے صدور نے ضلع ڈی سی ایس ایس نکول کومیمورنڈم سونپتے ہوئے مانگ کی کہ ضلع دفتر کاروار میں ہی جارہی رہے۔ منتقلی کے لئے جو حکم جاری کیا ہے وہ واپس لیں۔ کاروار ضلعی مرکز ہے تو وقف دفتر بھی یہیں رہے گا تو عوام کو بڑی سہولت ہوگی ، اگر دفتر سرسی منتقل ہوتاہے تو ایک ایک کام کے لئے ادھر سے ادھر دوڑ دھوپ کرنی پڑےگی۔ کاروار میں ہی دفتر کے لئے جگہ فراہم کرنے کی میمورنڈم میں اپیل کی گئی ہے۔ اس موقع پر امتیاز بخاری، اقبال احمد، بابو شیخ، مزمل مانڈلک، سید عثمان اور دیگر ذمہ داران موجود تھے۔


Share: